ہم امریکا کشکول لے کر نہیں آئے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

Last Updated On 22 July,2019 11:23 am

واشنگٹن (دنیا نیوز) کیپیٹل ون ارینا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم امریکا ہاتھ میں کشکول لے کر نہیں آئے، ہم یہاں پرامن خطے اور خوشحال پاکستان کا خواب لے کر آئے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم جھک کر نہیں بلکہ سر اٹھا کر دوستی کی بات کرنے آئے ہیں، کل نئے پاکستان کا نقشہ اور اپنا خواب صدر ٹرمپ کے سامنے پیش کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان نے کئی سال بعد امریکا میں قدم رکھا ہے، ان کے فلسفے کی گونج پورے امریکا میں پھیل چکی ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان میں امن اور خوشحالی ہو۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ثابت کردیا آپ زندہ قوم ہیں، ارینا میں پاکستانیوں کے جوش کو دیکھ کر بہت سے لوگ خوش ہیں جبکہ ناقدین پریشان، ہمیں اوورسیز پاکستانیوں پر فخر ہے، نئے پاکستان کا خواب ہم نے آپ کی مدد سے پورا کرنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پیسہ کما کر بیرون ملک سے پاکستان بھیجتے ہیں مگر ماضی میں حکمران پاکستان کو لوٹ کر سرمایہ کاری بیرون ملک منتقل کرتے رہے، عمران خان پہلے وزیر اعظم ہیں جو کمرشل فلائٹ سے امریکا پہنچے، وہ فائیو اسٹار ہوٹل نہیں بلکہ پاکستان ہائوس میں قیام کریں گے۔