کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے کلفٹن میں سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے میں پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
مصطفی کمال کے ہمراہ پی ایس پی کے رہنما انیس قائم خانی اور دیگر عہدیداران بھی سندھ ہائیکورٹ پہنچے، مصطفی کمال نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ نیب کے تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہے، نیب کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہوں، نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، ضمانت دی جائے۔
عدالت نے مصطفی کمال کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔ ملزمان کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت کل ہوگی، مصطفی کمال اور دیگر پر ڈھائی ارب روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے جبکہ مصطفی کمال کے وکیل حسان صابر کا کہنا ہے کہ پلاٹس کے ڈی اے نے الاٹ کیے تھے۔