کچھ طاقتیں افغانستان اور پاکستان میں امن نہیں چاہتیں، وزیر خارجہ

Last Updated On 29 July,2019 12:55 am

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان کے دورہ امریکا کے اثرات سامنے آ رہے ہیں، کچھ طاقتیں افغانستان اور پاکستان میں امن نہیں چاہتیں، 10 فوجیوں کی شہادت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، انہوں نے ہمارے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔

ملتان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا وزیراعظم کا دورہ امریکا کامیاب رہا، اس کے ثمرات سامنے آ رہے ہیں، پہلے افغانستان کے حالات کا ذمہ دار پاکستان کو قرار دیا جا رہا تھا لیکن آج امریکا، روس، چین اور یورپی ممالک پاکستان کے موقف کی تائید کر رہے ہیں اور ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے۔ پاک فوج کے 10 بہادر جوانوں نے ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ طاقتیں افغانستان میں امن نہیں چاہتیں جلد ان قوتوں کو بے نقاب کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے این اے 156 اور این اے 157 کے لیے ایک ارب 41 کروڑ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حج سے واپسی پر ملتان کے لیے مزید ترقیاتی منصوبے لے کر آئیں گے۔