سپریم کورٹ: مراد علی شاہ کی نااہلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

Last Updated On 06 August,2019 11:23 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی مشکل میں پھنس گئے۔ سپریم کورٹ نے ان کی دہری شہریت کے معاملے پر نااہلی کی درخواست سماعت کے لئے منظور کر لی۔

جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کے روبرو درخواستگزار روشن علی کے وکیل حامد خان نے موقف اپنایا کہ مراد علی شاہ کو سپریم کورٹ نے 2013 میں دوہری شہریت پر نااہل قرار دیا، انہوں نے فیصلے پر نظرثانی کیلئے رجوع نہیں کیا، اس لئے ان کی نااہلی کا فیصلہ حتمی ہو چکا ہے۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ آرٹیکل 62 ون ایف کیلئے عدالتی ڈیکلریشن چاہیے، اس پر بینچ کے سربراہ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی ڈیکلئریشن ہے، ہر امیدوار اپنی اہلیت کا بیان حلفی ریٹرننگ افسر کو جمع کراتا ہے، جھوٹا بیان حلفی دینے پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔

تین رکنی بینچ نے نظرثانی درخواست باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کر لی اور دو ایک کے تناسب سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو نوٹس جاری کر دیا۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصلے سے اختلاف کیا۔