مقبوضہ وادی میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات مسترد کرتے ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

Last Updated On 08 August,2019 03:09 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدام کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہوچکی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا وزیراعظم نے تمام آپشنز استعمال کرنے کا کہا ہے، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں سے بھارت کو آگاہ کر دیا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں موجود ہے، پاکستان اپنا ہائی کمشنر بھارت نہیں بھیج رہا۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا پاکستان کرتارپور راہداری پر کام جاری رکھے گا، بھارت نے حریت رہنماؤں کو گرفتار کیا ہوا ہے، مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام بنیادی ضروریات سے محروم ہیں، مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں، ایک تنازع ہے، ہم مسلمان ہیں، ڈر کا لفظ ہماری ڈکشنری میں نہیں، عالمی برادری بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا نوٹس لے، بھارتی اقدامات سے علاقائی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔
 

Advertisement