نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم قابل مذمت ہیں: وزیر داخلہ

Last Updated On 10 August,2019 10:48 pm

ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا کہنا ہے کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم قابل مذمت ہیں۔

ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں منعقدہ یوم اقلیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لئے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے، ہم سب کو ملکی ترقی کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان اقلیتوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں ہے، قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور مسیحیوں کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے،

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان پیار، امن اور مساوات کا درس دینے والے بابا گورو نانک کی دھرتی ہے جن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو اس دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جا سکتا ہے، انصاف کی بالا دستی قائم ہو نے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ افسوس ہم قیام پاکستان کا مقصد بھول گئے ہیں۔

اعجاز احمد شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ایمانداری سے ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

تقریب سے گوردوارہ جنم استھان کے گرنتھی سردار دیا سنگھ، مسیحی برادری کے رہنما بشیر مسیحی بھٹی، میجر کرامت گل سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی، تقریب کے دوران ملکی ترقی و خوشحالی،امن و امان اور کشمیر کے آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب میں سکھ، مسیحی اور ہندو رہنماؤں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے اقلیتی رہنماؤں کے ہمراہ یوم اقلیت کا کیک کاٹا اور وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے اقلیتی برادری کو اس دن کی مبارکباد دی۔