وفاقی وزیر پیر نور الحق قادری کا منیٰ میں خراب حج انتظامات کا اعتراف

Last Updated On 16 August,2019 10:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے منیٰ میں خراب حج انتظامات کا اعتراف کرلیا۔ انہوں نے کہا صرف چند مکاتب سے جائز شکایات سامنے آئیں جن کا فوری ازالہ کر دیا۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی حاجیوں کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز میں خراب حج انتظامات کی شکایت کی جا رہی ہے۔ حاجیوں کا کہنا ہے کہ رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات انتہائی خراب رہیں۔

دنیا نیوز نے مکہ میں موجود وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے رابطہ کیا تو انھوں نے صرف منیٰ میں بعض مقامات پر انتظامات مکمل نہ ہونے کا اعتراف کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جائز شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ حاجیوں کے لیے انتظامات مجموعی طور پر تسلی بخش رہے، مکہ اور مدینہ میں رہائش یا کھانے کی شکایات موصول نہیں ہوئیں، منی میں رہائش اور انتظامات سعودی موسسہ اور معلم کی ذمہ داری ہوتی ہے، منیٰ کے انتطامات سے حکومت پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، سعودی حکومت کو شکایت کر دی ہے۔