آر ایس ایس کے غنڈوں کو مقبوضہ وادی میں بھیجا جا رہا ہے: وزیراعظم

Last Updated On 15 August,2019 11:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹویٹر اکاؤنٹ پر ڈی پی بلیک کر دی۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے غنڈوں کو مقبوضہ وادی میں بھیجا جا رہا ہے۔

 وزیراعظم نے وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر دنیا کے سامنے سوالات اٹھا دیئے۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 12 روز سے کرفیو نافذ اور مواصلات کا نظام بلیک آؤٹ ہے، پہلے سے موجود بھارتی فوج کی موجودگی میں دستوں کا اضافہ کر دیا گیا، کیا دنیا خاموشی سے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی اور سربرینیکا جیسے ایک اور قتل عام کا نظارہ کرے گی۔

عمران خاں کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کو متنبہ کرتا ہوں کہ اگر یہ ہونے دیا تو مسلم دنیا میں اس کا شدید ردعمل ہوگا، کشمیریوں پر مظالم نہ روکے گئے تو انتہا پسندی کو ہوا ملے گی اور تشدد کا نیا دور ابھرے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مودی پہلے گجرات میں مسلمانوں کی نسل کشی کرچکا ہے۔