پاکستان پُرامن ملک ہے، کینیڈین خاتون کا لاہور سے گوادر تک موٹر سائیکل پر تنہا سفر

Last Updated On 16 August,2019 10:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کینیڈا کی ایک خاتون نے لاہور سے گوادر تک تنہا موٹر سائیکل پر سفر کر کے دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق کینیڈا کی موٹرسائیکلسٹ خاتون روزی گیبرئیل نے لاہور سے گوادر تک تنہا سفر کیا، روزی گیبرئیل نے پاکستان کو محفوظ ترین ملک اور لوگوں کو مہمان نواز قرار دیا۔

پاکستان کے سفر کے بارے میں انکا مزید کیا کہنا ہے آئیں آپ کو دکھاتے ہیں۔ میرا نام روزی گیبرئیل ہے، میں دنیا بھر میں موٹر سائیکل چلاتی ہوں، میں نے لاہور سے گوادر تک تنہا سفر کیا، جس میں مجھے کوئی سکیورٹی حاصل تھی نہ ہی کیمرہ مین ساتھ تھا۔ پانچ ماہ کے دوران میں مختلف جگہوں پر گئی، یہاں کے لوگ بہت انتہائی مہمان نواز، خوبصورت اور نرم دل ہیں۔

روزی گیبرئیل کا کہنا تھا کہ پہلی چیز جو مجھے کہی گئی وہ یہ تھی کہ وہاں نہ جائیں یہ بہت خطرناک ہے، میں 5 ماہ سے پاکستان میں ہوں، میرے ساتھ کہیں کچھ برا نہیں ہوا، کسی ایک لمحے بھی مجھے خطرہ محسوس نہیں ہوا، مجھےہرجگہ عزت دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں سفر کے دوران میرا موٹر سائیکل خراب ہو گیا تھا حالانکہ موٹر سائیکل پر ایک عرصے سے سیاحت کر رہی ہوں لیکن اس دوران اس کے تکنیکی کام کے بارے میں انھیں زیادہ معلوم نہیں۔ جمعے کا دن تھا، مکینک کی دکان بند تھی اور اندھیرا پھیل رہا تھا۔ ایسے میں وہاں کے مقامی شخص نے مجھ سے پوچھا کہ میں رات کہاں گزاروں گی؟ تو میں نے کہا کہ میں یہاں کی کسی مقامی فیملی کے ساتھ رات رہ لوں گی۔ مقامی شخص مجھے اپنے گھر لے گیا جہاں انکے مطابق ان کی ملاقات ایک انتہائی محبت کرنے والے خاندان سے ہوئی۔

گیبریئل نے دو دنوں پر محیط یہ تجربہ فلم بند بھی کیا جس میں وہ سندھ کے ثقافتی کپڑوں میں ملبوس وہاں کے روایتی کھانے کھا رہی ہیں اور رقص کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔مکینک نے میری موٹر سائیکل مفت میں ٹھیک کر دی اور کہا کہ آپ ہماری مہمان ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ میری اگلی منزل پاکستان کے شمالی علاقہ جات ہے، جہاں کے بارے میں نے سن رکھا ہے یہاں بہت زیادہ خوبصورتی ہے، میں یہ علاقے ضرور دیکھوں گی۔

یاد رہے کہ گیبریئل نے 16 برس کی عمر میں مختلف رضا کارانہ گروہوں کے ساتھ بیرونِ ملک سفر کیا اور پھر سیاحت انھیں ایسی بھائی کہ 19 برس کی عمر تک جنوب مشرقی ایشیا میں اکیلے سفر کر چکی ہیں۔ البتہ یہ سفر انھوں نے بس کے ذریعے کیا جس میں انھیں کچھ خاص لطف نہیں آیا۔

انھوں نے بتایا کہ مجھے لگا کہ دورانِ سفر تفریح کے تمام مواقع گنوا رہی ہوں۔پھر میں نے ایک موٹر سائیکل کرائے پر لی اور یہ پہلا لمحہ تھا جب مجھے موٹر سائیکل کے ذریعے سفر کرنے کا شوق ہوا اور میں نے تھائی لینڈ، لاؤس، ویتنام اور کمبوڈیا میں 12 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی زندگی کو بھرپور انداز میں جینا چاہتی تھی، اسی جذبے نے مجھے سفر کرنے پر آمادہ کیا۔ پاکستان آنے سے قبل مجھے ڈرایا گیا کہ وہاں مت جانا، بہت خطرناک ملک ہے، لیکن میں یہاں آ کر بہت خوش ہوں۔ پاکستان محفوظ ملک ہے، میں منفی میڈیا پر یقین نہیں رکھتی۔
 

Advertisement