وزیراعلیٰ پنجاب کا مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا حکم

Last Updated On 17 August,2019 11:20 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں، مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں کام کیا جائے، زبانی جمع خرچ نہیں بلکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے گراؤنڈ پر اقدامات نظر آنے چاہئیں، ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیازکارراوئی کی جائے۔

سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے مارکیٹوں اور بازاروں میں اشیاء کی قیمتوں کو چیک کریں، عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لئے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا۔