بھارتی سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی، قصور کے متعدد دیہات زیر آب

Last Updated On 20 August,2019 11:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت کی طرف سے دریائے ستلج میں چھوڑے جانے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔ قصور کے متعدد دیہات اور ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئیں۔

ملک کے دوسرے بڑے دریائے ستلج سے اِس وقت ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک سے زائد کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ بھارت کی طرف سے چھوڑے جانے والے اس سیلابی ریلے کے باعث بھکی ونڈ، گاؤں چندا سنگھ، ملندرہ اور گاؤں کائے نو سمیت درجنوں دیہاتوں کے ساتھ ساتھ ہزاروں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں زیر آب آگئی ہیں۔

متعلقہ اداروں کے مطابق ممکنہ طور پر بھارت کی طرف سے آنے والا سیلابی ریلا 2 لاکھ کیوسک تک پہنچ سکتا ہے۔ صورت حال کے پیش نظر متعدد دیہاتوں سے عوام نے محفوظ مقامات پر منتقل ہونا شروع کر دیا ہے۔ حکومتی اداروں کا دعویٰ ہے کہ متاثرین کی امداد کے لیے تمام اقدامات مکمل ہیں۔

دوسری طرف متاثرہ دیہاتوں کے بیشتر مکین اپنا گھر بار چھوڑنے کے لیے تیار نہیں ہیں جس کی وجہ اِن کے لیے مناسب انتظامات نہ کیا جانا ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ تیزی سے چڑھ رہا ہے۔ ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ بدھ کی دوپہر تک گنڈا سنگھ والا ہیڈ ورکس سے گزرے گا۔


 

Advertisement