الیکشن کمیشن کے دو نئے ارکان کی تعیناتی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

Last Updated On 27 August,2019 06:05 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت کے بغیر الیکشن کمیشن کے دو نئے ارکان کی تعیناتی کے خلاف درخواست بدھ کو سماعت کے لیے مقرر کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانونی تقاضے پورے کیے بغیر الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی غیر قانونی ہے، اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

اسلام آباد کے سینئر وکیل جہانگیر جدون کی جانب سے الیکشن کمیشن کے دو نئے ارکان کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے اعتراضات عائد کیے تھے جنہیں دور کرکے دوبارہ درخواست جمع کرائی گئی۔

درخواست میں صدر مملکت، وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری، وزارت قانون، دونوں نئے ممبران اور الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے دونوں ارکان کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت کے قانونی تقاضے کو پورا نہیں کیا گیا، لہذا تعیناتی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ بروز بدھ مورخہ 28 اگست کو درخواست پر سماعت کریں گے۔