اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فضائی حدود کی بندش سے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، سوچ بچار کے بعد مشاورت سے قدم اٹھایا جائے گا، وادی کی پولیس بھی تعاون کرنے سے کترا رہی ہے۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت یو این قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیر پولیس میں زیادہ تعداد مسلمانوں کی ہے، مقبوضہ کشمیر پولیس سے اسلحہ واپس لے لیا گیا، شملہ معاہدے کے تحت پاکستان بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنا تھا، مقبوضہ کشمیر میں طرح طرح کی پابندیاں لگا دی گئیں، مقبوضہ کشمیر میں خوراک اور ادویات کی قلت ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا مودی عالمی برادری کو 5 اگست کے یکطرفہ اقدام کا جواب دیں، باکسر عامرخان گزشتہ روز پورا کشمیر پھرے، لوگوں سے ملے، کیا عامر خان کو مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت ہوگی ؟ کیا بھارت باکسر عامر خان کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرا سکتا ہے؟ مقبوضہ کشمیر میں ہر گھر کے سامنے ایک بھارتی فوجی کھڑا ہے، خطے کی صورتحال بھارت خراب کر رہا ہے۔