راولپنڈی، اسلام آباد میں بارش جاری، نالہ لئی کی سطح 15 فٹ تک بلند

Last Updated On 26 August,2019 11:30 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کی سطح ساڑھے 9 فٹ تک پہنچ گئی، گوالمنڈی پل پرنالہ لئی کی سطح 15 فٹ بلند ہونے پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

اسلام آباد میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر کا موسم سہانا ہونے سے حبس کا زور ٹوٹ گیا تاہم راولپنڈی میں صورتحال پریشان کن ہو گئی۔ راولپنڈی کے قریب نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 9 فٹ تک پہنچ گئی، گوالمنڈی کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 5 فٹ تک بلند ہو گئی جو 15 فٹ تک پہنچنے کے سبب ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، پشاور، بنوں، کوہاٹ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔