قوم یک زبان، پاکستان کشمیریوں کا ترجمان، دیکھیے تصاویری جھلکیاں

Last Updated On 30 August,2019 06:04 pm

لاہور: (علی مصطفی) پاکستان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کشمیر آور منایا گیا، ملک بھر میں گلی گلی، نگر نگر، گاؤں گاؤں، شہر شہر میں ریلیاں نکالی گئیں، طلبہ، بزرگ، نوجوان، کرکٹرز، شوبز ستارے، ہاکی کھلاڑی، سیاستدان، سکیورٹی فورسز و دیگر شہریوں کی بڑی تعداد نے کشمیریوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے بلند شگاف نعرے لگائے۔

وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر 12.30 بجے کے قریب پاکستان بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئی اور نعرے لگائے گئے، کچھ شہریوں نے ’’تیرا نگر میرا نگر سرینگر سرینگر‘‘ اور ’’کشمیر ہمارا ہے، سارے کا سارا ہے‘‘، ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ سمیت دیگر نعرے لگائے۔ ٹویٹرز پر ٹرینڈنگ ایک تھا ’’کشمیر آور‘‘۔

نہ صرف پاکستانی شہری بلکہ ملک میں رہنے والے افغان مہاجرین نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ’’کشمیر آور‘‘ منایا۔ قبائلی علاقوں میں وفاقی وزیر شہریار خان کی ریلی کے دوران پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ افغانیوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

قطری خبر رساں ادارے الجزیرہ نے اپنے ٹویٹر پر لکھا کہ دنیا بھر کو کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہونا چاہیے، پاکستان میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔