نریندر مودی کی امریکا آمد پر بھرپور مظاہرہ کیا جائیگا: راجہ فاروق حیدر

Last Updated On 31 August,2019 10:34 pm

لندن: (دنیا نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ نریندر مودی کی امریکا آمد پر بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔

 

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی ہٹلر کے نقش قدم پر چل رہا ہے جس کا نتیجہ دوسری جنگ عظیم کی صورت میں نکلا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) پر راشٹر سیوک سنگھ (آرآیس ایس) کا قبضہ ہو گیا ہے۔ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار داروں کے مطابق ہی ہو سکتا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی امریکا آمد پر بھر پور مظاہرہ کیا جائے گا، مقبوضہ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اسوقت دنیا کی سب سے بڑی جیل ہے، نوے لاکھ کی آبادی کے علاقے میں لاکھوں فوجی تعینات ہیں، انسانی زندگی مفلوج ہوچکی ہے، مقبوضہ کشمیر کو بھارت کے قبضے سے آزاد کرائیں گے، وزیراعظم پاکستان عمران خان سے بھی کہا ہے کہ اگر کشمیر کا جھنڈا گر گیا تو بھارت کا اگلا ہدف پاکستان ہو گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اندر سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت ہے، عمران خان اپنا کردار ادا کریں، بھارتی وزیراعظم اپنے آپکو ناقابل تسخیر سمجھ رہے ہیں انکی بھول ہے، روس ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا، یہ کس باغ کی مولی ہیں۔ لاکھوں جانوں کی شہادت اور آٹھ سالہ بچی کا ریپ بھارت کو تباہ و برباد کر دے گا۔

راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ نائن الیون کا پاکستان اور کشمیر کی تحریک کو بہت نقصان پہنچا، اب بھارت کا بیانیہ نہیں چل سکتا، مسئلہ کشمیر حل طلب مسئلہ ہے، رائے شماری اسکا بہترین حل ہے، آزادکشمیر اور پاکستان کے لوگ فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، ہندوستان کی فوج عوامی حمایت سے محروم ہے۔ فوج ہمیشہ عوامی حمایت سے جنگ لڑتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت آزاد کشمیر لائن آف کنٹرول پر بسنے والے لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اس وقت قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔

 

Advertisement