بھارت نے بات چیت کا کوئی راستہ باقی نہیں چھوڑا: شیخ رشید

Last Updated On 01 September,2019 06:06 pm

ننکانہ صاحب: (دنیا نیوز) وزیرریلوے شیخ رشید احمد کہتے ہیں پاکستان ایٹمی جنگ نہیں چاہتا، بھارت سن لے پاکستان کے پاس پاؤ پاؤ کے بھی ایٹم بم ہیں، جنہیں کہاں استعمال کرنا ہے ہمیں معلوم ہے۔

ننکانہ صاحب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں کشمیر کے ایشو کو پوری دنیا میں اجاگر کریں گے۔ کسی نے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تو یہ ہماری آخری جنگ ہو گی۔ پاکستان ہماری زندگی اور موت کا سوال ہے۔

دریں اثنا شیخ رشید احمد نے ننکانہ ریلوے سٹیشن کا نام تبدیل کر کے بابا گورو نانک ریلوے سٹیشن رکھ دیا۔ انھوں نے کہا کہ بابا گورو نانک کا درس امن ہے، ہم امن پر عمل پیرا ہیں جبکہ بھارت تشدد کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاہور سے شورکوٹ تک نئی ٹرین چلائی جائے گی جس کا نام بابا گورونانک ہو گا۔ ننکانہ ٹریک پر 2 ٹرینوں کے ساتھ 2 ,2 بوگیوں کا اضافہ کر دیا جائے گا۔