ویزہ فری انٹری کا بھارتی مطالبہ تسلیم، کرتارپور مذاکرات کا تیسرا دور کل ہوگا

Last Updated On 03 September,2019 12:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کرتار پور راہداری منصوبے پر 95 فیصد کام مکمل کر لیا۔ منصوبے سے متعلق پاکستان اور بھارت کے درمیان اعلیٰ سطح کے مذاکرات کا تیسرا دورکل ہو گا۔ بھارت کے نئے مطالبات کی فہرست دنیا نیوز نے حاصل کر لی۔

 سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت سے 5 ہزار سکھ یاتریوں کی روزانہ کرتارپور آمد اور ویزا فری انٹری کے مطالبات منظور کر لئے ہیں، یاتریوں کو انفرادی یا گروپس کی شکل میں راہداری کے ذریعے پیدل آنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔

بھارت نے مطالبہ کیا ہے کہ خصوصی مواقع پر 10 ہزاریاتریوں کو کرتارپور آنے کی اجازت دی جائے، سکھوں کے علاوہ دیگر عقائد کے افراد کو کرتارپور آنے اور یاتریوں کو لنگر، پرساد کی تیاری و تقسیم کی اجازت دینے کے مطالبات بھی کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مذاکرات کے تیسرے مرحلے میں بھارتی مطالبات کا جائزہ لے گا۔