سماجی، معاشی نظام کی بہتری کیلئے 6 رکنی ٹاسک فورس قائم

Last Updated On 07 September,2019 04:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے سماجی اور معاشی نظام کی بہتری کے لیے ٹاسک فورس تشکیل دے دی۔ وزیراعظم کی ہدایت پر 6 رکنی ٹاسک فورس قائم کی گئی۔ ٹاسک فورس کی سربراہی ڈاکٹر جاوید اصغر کریں گے۔

دنیا نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے سماجی اور معاشی نظام کی بہتری کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے، 6 رکنی ٹاسک فورس کی قیادت ڈاکٹر جاوید اصغر کرینگے، کامران لاشاری، سلیم غوری، ڈاکٹر اکرم کاہلوں ٹاسک فورس کے رکن ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق ایک رکن وزیر اعظم نامزد کریں گے، جوائنٹ سیکرٹری وزیر اعظم آفس ٹاسک فورس کے سیکرٹری ہوں گے، ٹاسک فورس کے لیے 8 نکاتی ٹی او آرز بھی بنا دیے گئے۔

ٹی او آرز کے مطابق ٹاسک فورس شہریوں کی فلاح کے لیے کم لاگتی منصوبے ترتیب دے گی، فورس تمام سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے منصوبے اور حل دے گی۔ کم لاگت والے کاروباری منصوبے تلاش کرنے سے متعلق بھی کام کرے گی۔

ٹی او آرز کے مطابق ٹاسک فورس انڈسٹری اور پبلک سیکٹر میں ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر بھی کام کرے گی، کاروباری منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے مکمل اور واضح میکنزم فراہم کرے گی، کابینہ ڈویژن نے ٹاسک فورس کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، ٹاسک فورس کی تشکیل سے متعلق تمام وفاقی سیکرٹریز اور صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو آگاہ کر دیا گیا۔
 

Advertisement