پاکپتن میں لاٹھیاں برسانے والے پولیس اہلکاروں کو زائرین سے حسن اخلاق سے پیش آنے کی ہدایت

Last Updated On 10 September,2019 10:23 pm

پاکپتن: (دنیا نیوز) کہتے ہیں زبان شیریں ملک گیری، اس راز کو آر پی او ساہیوال ہمایوں بشیر تارڑ نے پا لیا۔ پاکپتن میں لاٹھیاں برسانے والے پولیس اہلکاروں کو زائرین سے حسن اخلاق سے پیش آنے کی ہدایت کر دی۔ آر پی او کے احکامات پر ڈی پی او عبادت نثار نے پولیس اہلکاروں سے لاٹھیاں لے لیں۔ موقع پر موجود اہلکار زائرین کو ٹھنڈے پانی کی بوتلیں دیتے رہے۔

  کل صبح تک دے تیرے کی، دے تیرے کی، پاکپتن میں بابا فریدؒ کے عرس کے موقع پر زائرین پر لاٹھیاں برستی رہیں۔ دنیا نیوز پر خبر نشر ہوئی تو آر پی او ساہیوال ہمایوں بشیر تارڑ حرکت میں آئے۔ نوٹس لیا اور ڈی پی او عبادت نثار کو ہدایات دی گئیں۔

شام تلک منظر نامہ ہی بدل گیا، پولیس اہلکار کہیں ٹھنڈے پانی کی بوتلیں تقسیم کرتے نظر آئے تو کہیں میٹھے بول اور مسکراہٹوں کے ساتھ معذور اور ضعیف افراد کو گود میں اٹھا اٹھا کر اندر پہنچاتے رہے۔ ڈی پی او عبادت نثار زائرین کی دلجوئی عبادت سمجھ کر کرتے رہے۔ پولیس افسران اگر پہلے ہی بہتر حکمت عملی اختیار کر لیں تو بات بنی رہے۔
 

Advertisement