ہندوستان کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل رہی ہے، شاہ محمود قریشی

Last Updated On 13 September,2019 10:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اٹھاون ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان کا جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔ آج ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

کشمیر سیل کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے زیر صدارت تیسرا باضابطہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فروغ نسیم، فردوس عاشق اعوان، سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے حالیہ دورہ جنیوا اورملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ ہماری کاوشیں بار آور ثابت ہو رہی ہیں۔ دنیا نے جس طرح مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی، وہ غیر معمولی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی، انسانی حقوق تنظیموں اور عالمی میڈیا نے بھارتی مظالم پر تشویش ظاہر کی۔ اٹھاون ممالک کی حمایت سے مشترکہ بیان کا جاری ہونا انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ہندوستان کے سفاکانہ طرز عمل کے خلاف دنیا بھر میں آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ ہندوستان کے جھوٹے بیانیے کی قلعی کھل رہی ہے۔ یورپی یونین کی طرف سے بھی مثبت رد عمل سامنے آ رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر پہلی دفعہ یورپین پارلیمنٹ میں بطور ایجنڈا زیر بحث آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم لاکھوں نہتے مظلوم کشمیریوں کے مقدمے کو پیش کریں گے۔ اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورمز پر اجاگر کرنے کیلئے قانونی اور آئینی پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پرمعاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے تجاویز بھی پیش کیں۔