کشمیر کے معاملے پر دنیا کو کچھ کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعظم

Last Updated On 13 September,2019 03:27 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں پلواما جیسا حملہ دوبارہ کرا سکتا ہے، یہ پہلی بار ہے کہ 2 ایٹمی ممالک آمنے سامنے ہیں، کشمیر کے معاملے پر دنیا کو کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے غیر ملکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا آزادی کے وقت ہی مسئلہ کشمیر کو حل ہو جانا چاہیئے تھا، مسئلہ کشمیر پر 3 جنگیں لڑی جا چکی ہیں، کشمیری عوام آزادی چاہتے ہیں، کشمیریوں کو یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیئے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا بھارت کشمیریوں کو دبا کر اپنا فیصلہ منوانا چاہتا ہے، تمام کشمیری رہنماؤں کو نظر بند کر دیا گیا ہے، بھارتی اپوزیشن رہنماؤں کو بھی کشمیر کا دورہ کرنے نہیں دیا جا رہا، اقوام متحدہ کو اپنی ذمہ داری نبھانے کی ضرورت ہے، آر ایس ایس کے لوگ کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہے ہیں، کشمیر میں 80 فیصد مسلمانوں کی تعداد ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ ایکشن لیا، بھارت نے وادی میں 80 لاکھ لوگوں کو قیدی بنا رکھا ہے، یہ نہرو اور گاندھی کا بھارت نہیں، مودی نے گجرات میں ہزاروں مسلمانوں کو قتل کرایا۔
 

Advertisement