سندھ حکومت مضبوط، قیادت کو جیلوں میں ڈال کر گرایا نہیں جاسکتا: بلاول بھٹو

Last Updated On 15 September,2019 11:10 pm

گڑھی خدا بخش: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی اتحاد کچرے کا بہانہ بنا کر کراچی پر قبضہ کرنے کا خواہشمند ہے۔ سندھ حکومت مضبوط ہے، قیادت کو جیلوں میں ڈال کر بھی گرایا نہیں جا سکتا۔

گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا اپنے کارکنوں سے کہنا تھا کہ میں نے بتیاں گل کر دی ہیں جس نے جانا ہے جاؤ، اگر آپ لوگ بھٹو، بی بی شہید کا قافلہ چھوڑنا چاہتے ہو تو چھوڑ دو۔

ان کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترامیم، جمہوری اور انسانی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ ضیا الحق اور مشرف کا ظلم برداشت کیا، کٹھ پتلی حکومت کا بھی کرنے کے لیے تیار ہیں۔ وفاقی حکومت کی جعلی کیسز کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ پیپلز پارٹی ان کے سامنے دیوار کی طرح کھڑی رہے گی

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں قیادت کو جیل میں ڈال کر سندھ میں کٹھ پتلی حکومت بنا سکتے ہیں، ہم یہ نہیں ہونے دیں گے۔ سندھ کی مضبوط حکومت کو گرانے کے لیے کوئی جمہوری طریقہ نہیں ہے۔ جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور کٹھ پتلی اتحاد کچرے کا بہانہ بنا کر کراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔