فیصل آباد: سرکاری ڈسپنسری سے ملحقہ کچرا کنڈی علاقہ مکینوں کیلئے وبال جان، بیماریاں پھیلنے لگیں

Last Updated On 19 September,2019 10:31 am

فیصل آباد: (روزنامہ دنیا) فیصل آباد کے علاقے علامہ اقبال کالونی کی سرکاری ڈسپنسری سے ملحقہ کچرا کنڈی علاقہ مکینوں کیلئے وبال جان بن گ۔ جبکہ ڈسپنسری سٹاف اور یہاں آنے والے مریض بھی مزید بیماریوں کا شکار ہونے لگے ہیں۔

فیصل آباد کے علاقے علامہ اقبال کالونی میں شہریوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے بنائی گئی سرکاری ڈسپنسری سے ملحقہ پلاٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے کچرا سٹینڈ بنا دیا گیا۔ کچرے سے اُٹھنے والے تعفن اور بدبو نے نہ صرف علاقہ مکینوں کے ناک میں دم کررکھا ہے بلکہ ڈسپنسری عملے اور یہاں علاج معالجے کیلئے آنے والے مریضوں کو مزید بیماریوں کا شکار بنانا شروع کردیا ہے۔

رہائشی علاقے سے کچرا سٹینڈ کو باہر نکلوانے کیلئے علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام کو متعدد بار درخواستیں تو دیں مگر کوئی عمل درآمد نہ ہوا جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سینئر مینیجر آپریشن اعجاز بندیشہ کہتے ہیں کہ متبادل جگہ کی تلاش میں مسائل درپیش ہیں البتہ جلد شہریوں کے مسائل کا خاتمہ کردیا جائے گا۔

شہری مطالبہ کرتے ہیں کہ کچرا سٹینڈ کو رہائشی علاقے سے منتقل کرنے کیلئے فوری طور پر عملی اقدامات اُٹھائے جائیں۔