فیصل آباد: ڈینگی کا متاثرہ 14 سالہ مریض زندگی کی بازی ہار گیا

Last Updated On 11 September,2019 12:02 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریض جاں بحق ہوگیا، 14 سالہ آریان کا تعلق راولپنڈی سے تھا، الائیڈ ہسپتال میں رواں سال 27 مریض سامنے آچکے ہیں۔

الائیڈ ہسپتال میں ڈینگی کا متاثرہ 14 سالہ مریض زندگی کی بازی ہار گیا، میٹرک کے طالب علم آریان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جس کو طبی امداد کے لئے پہلے سول ہسپتال اور پھر الائیڈ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حالت مزید خراب ہونے پر مریض کو وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہوسکا۔

الائیڈ ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں 2 بہنوں سمیت ڈینگی کے 8 مزید مریض زیر علاج ہیں، رواں سال الائیڈ ہسپتال میں رپورٹ مریضوں کی تعداد 27 ہوچکی ہے۔ فوکل پرسن ڈاکٹر عامر کے مطابق ڈینگی سے متاثرہ 8 مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

فیصل آباد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی تعداد نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جس سے شہری خوف کا شکار ہیں جبکہ محکمہ صحت کے اقدامات صرف کاغذی کاروائیوں تک محدود ہیں۔
 

Advertisement