مراد علی شاہ کو گرفتار کیا گیا تو وزیراعلیٰ برقرار رہیں گے: قمر زمان کائرہ

Last Updated On 22 September,2019 12:01 am

لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ کرپشن بہانہ سندھ حکومت نشانہ ہے، اگر مراد علی شاہ کو گرفتار کیا گیا تو وہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہرطبقہ پریشان ہے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان پر 500 ارب روپے کا کیس ڈالا گیا ہے، خورشید شاہ کیخلاف جائیدادوں کی فرضی کہانی ہے۔ زرداری پر اربوں روپے کا الزام لگایا گیا چالان ڈیڑھ کا کروڑکا سامنے آیا۔ میرے رشتہ داروں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ہم نے مارشل کا مقابلہ کیا ایسے پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔

پی پی رہنما کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ کیا پنجاب میں کرپشن کے کیسزنہیں ہیں؟ میڈیا کا فوکس صرف سندھ کیوں ہے؟ مالم جبہ کیس پرکوئی توجہ نہیں، ایسے لگتا ہے سارا عذاب سندھ میں آگیا ہے، حکومت ایسے نہیں گرے گی قانون سے ماورا جانا پڑے گا۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، ہماری اوراپوزیشن کی قیادت کوٹارگٹ کیا گیا۔ ایک سال ہوگیا،ڈاکٹرعاصم کیس کا ابھی فیصلہ نہیں ہو رہا۔ سندھ حکومت گرانا آپ کے بس کی بات نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی حالات کو دیکھ کر اب تو چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ بھی بول رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے گن گانے والوں نے کشمیر کا مقدمہ پھنس کر رکھ دیا ہے۔
 

Advertisement