جسٹس مظاہر کا اڈیالہ جیل کا دورہ، زرداری کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم

Last Updated On 27 September,2019 06:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے راولپنڈی کی ماتحت عدلیہ اور اڈیالہ جیل کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے شاہد خاقان عباسی کو جیل میں بی کلاس دینے جبکہ آصف زرداری کو جیل مینوئل اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے تحت طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے راولپنڈی کی ماتحت عدلیہ اور اڈیالہ جیل کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر سیشن جج راولپنڈی اور جیل حکام بھی ساتھ موجود تھے۔

جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی کا اڈیالہ جیل میں آصف زرداری، شاہد حاقان عباسی اور مفتاح اسمعیل کی بیرکوں کا دورہ کیا۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے سابق وزیراعظم شاہد حاقان عباسی کو جیل میں بی کلاس نہ دینے پر تشویش کا اظہار کیا اور انھیں جیل مینول کے تحت بی کلاس فراہم کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے آصف زرداری کی بیرک کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر سابق صدر نے اپنی صحت کی خرابی سے متعلق ان کو آگاہ کیا۔

جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے آصف زرداری کو جیل مینول اور میڈیکل بورڈ کی سفارشات کے تحت طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیدیا جبکہ معزز جج نے مفتاح اسماعیل کی بیرک کا بھی دورہ کیا۔

جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے اڈیالہ جیل میں دیگر قیدیوں کے مسائل سن کر موقع پر دادرسی کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ قیدیوں کے بھی حقوق ہیں۔

انہوں نے کم سن بچوں کی بیرکوں کا بھی دورہ کیا اور سیشن جج کو ان کے کیسز کے فوری فیصلے کرنے کا حکم دیا۔ جسٹس مظاہر علی نے ضمانتیں منظور ہونے کے بعد ضمانتی مچلکے نہ ہونے کے باعث رہا نہ ہونے والے قیدیوں کے مسائل سن کر سیشن جج کو ان کی داد رسی کے احکامات جاری کیے۔