وزیراعظم کی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات، کشمیر پر بات چیت

Last Updated On 29 September,2019 09:42 am

نیویارک: (دنیا نیوز) جنرل اسمبلی اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی جس میں کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان نے عالمی ادارے پر کشمیریوں کی نسل کشی کا نوٹس لینے پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش سے ملاقات کی اور عالمی ادارے اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ دیرینہ تنازع جموں و کشمیر کے حل میں مدد اور انسانی جانیں بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے، جنرل اسمبلی کے 74 ویں اجلاس کے موقع پر یہ ملاقات ہوئی۔

عمران خان نے تنازع کشمیر پر دوٹوک انداز میں اقوام متحدہ کا موقف پیش کرنے پر سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش کی تعریف کی۔ انہوں نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں 54 روز سے 80 لاکھ افراد کے جاری محاصرے اور مواصلاتی بلیک آؤٹ سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ایسا ہولناک لاک ڈاؤن حالیہ تاریخ میں کہیں نہیں ہوا، اس محاصرے کو ہٹانے کیلئے صرف زور دینا کافی نہیں بلکہ محاصرے کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس معاملہ پر نظر رکھیں گے اور پیغام دیا کہ وہ تنازع کے پر امن حل کیلئے اپنی مدد کی پیشکش پر قائم ہیں۔
 

Advertisement