اسلام آباد: خیبر پختونخوا کے تاجروں کا احتجاج، پولیس نے راستے بلاک کردیئے

Last Updated On 09 October,2019 10:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مظاہرین کی ایف بی آر کے سامنے احتجاج کی کوشش، پولیس نے ایمبیسی روڈ پر روک لیا، ریڈ زون جانے والے راستے بند، بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

تاجر برادری کا مطالبہ ہے کہ ہمارا دھرنا ایف بی آر دفتر کے سامنے ہوگا۔ حکومت نے فکسڈ ٹیکس سکیم کا وعدہ کیا تھا، اسے پورا کیا جائے۔ ٹیکس حکام ہمیں ہراساں کرتے ہیں۔ مطالبات کی منظوری تک احتجاج ختم نہیں ہوگا۔ چیئرمین ایف بی آر خود آکر مذاکرات کریں۔

تاجروں نے ریڈ زون جانے کی کوشش کی تو سیکیورٹی پر مامور پولیس نے انھیں روکا، اس موقع پر کشیدگی پیدا ہوئی اور ہاتھا پائی بھی دیکھنے میں آئی۔ صورتحال کے پیش نظر واٹر کینن جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔