پنجاب اسمبلی: اپوزیشن کے طلب کردہ اجلاس میں سرکاری ایجنڈا لانے پر ن لیگ کا احتجاج

Last Updated On 11 October,2019 01:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب اسمبلی میں اجلاس کے دوران حکومتی ایجنڈا لانے پر لیگی ارکان نے احتجاج شروع کر دیا، نشستوں پر کھڑے ہو کر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے رہے، اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔

پنجاب اسمبلی کا آج ہونے والا اجلاس ایک مرتبہ پھر ہلڑبازی کا شکار ہو گیا، اپوزیشن کے طلب کردہ اجلاس میں سرکاری ایجنڈا لانے پر مسلم لیگ ن کے اراکین نے ایوان میں احتجاج شروع کر دیا، ن لیگی ارکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہو گئے اور حکومت مخالف نعرے بازی کرتے رہے۔

اس صورتحال پر وزیر قانون راجہ بشارت غصے میں آ گئے، ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا ہے۔ تاہم ن لیگی ارکان راجہ بشارت کے دلائل پر جھوٹ جھوٹ کے نعرے لگاتے رہے جس پر اجلاس ہلڑ بازی کا شکار ہو گیا۔

اپوزیشن رکن رانا مشہود نے کہا کہ اپوزیشن کے طلب کردہ اجلاس میں رولز معطل کرنے کی تحریک لائے بغیر سرکاری ایجنڈا نہیں لایا جا سکتا۔ بعد ازاں اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔