نواز شریف آزادی مارچ کے حامی، شہباز شریف نے آج اہم اجلاس طلب کرلیا

Last Updated On 12 October,2019 10:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اہم مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا۔ نواز شریف کی جانب سے آزادی مارچ کی حمایت کے واضح اعلان کے بعد مارچ کی تیاریوں کے لئے مسلم لیگ ن لائحہ عمل طے کرے گی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کی اعلی سطح مشاورت آج ماڈل ٹاون لاہورمیں ہوگی، نواز شریف کے خط کے تناظر میں آزادی مارچ کے لئے لائحہ عمل طے ہوگا، شہباز شریف مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خط کے مندرجات سے پارٹی کے رہنماوں کو آگاہ کریں گے۔

نواز شریف نے مارچ کے حوالے سے جو ہدایات دی ہیں اس پر عملدرآمد کا پلان بنایا جائے گا، نواز شریف کی جانب سے مارچ میں شرکت اور حمایت کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن متحرک ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف کی طرف سے لکھے گئے خط میں واضح طورپر پارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا ساتھ نہیں چھوڑنا اور حکومت مخالف احتجاج میں بھرپور شرکت کرنی ہے۔