برطانوی شاہی جوڑے کا چترال میں پرتپاک استقبال، حسین نظاروں سے لطف اندوز

Last Updated On 16 October,2019 08:01 pm

چترال: (دنیا نیوز) برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا چترال پہنچنے پر پرتباک استقبال کیا گیا، چترال پہنچنے پر برطانوی شہزادے اور شہزادی کو روایتی ٹوپی پہنائی گئی۔

 پاک فوج کے ہیلی کاپٹر میں سوار شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے وادیوں اور ہمالیہ کی برف پوش پربتوں کا نظارہ کیا۔ شاہی مہمان میٹھے پانی کے چشموں اور حسین نظاروں سے لطف اندوز ہوئے۔

 روشن آنکھیں، چہرے پر مسکراہٹ، سر پر چترالی ٹوپی، کاندھے پر روایتی گرم شال، چمڑے کی جیکٹ اور لانگ شوز پہنے کیٹ مڈلٹن چترالی ثقافت میں کوہ قاف کی شہزادی نظر آئیں، شہزادہ ولیم بھی سفید چغے میں ملبوس تھے۔

شاہی جوڑا مقامی کیلاش قبیلے کے روایتی رہن سہن کا مشاہدہ بھی کرے گا۔ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن اپنے مختصر قیام کے دوران چترال میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات، سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کی استعداد کار کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے گلیشیئرز پر اثرات کا بھی جائزہ لے گا۔

برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کل لاہور پہنچیں گے۔ شیڈول کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شاہی مہمانوں کا لاہور ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے۔ شاہی جوڑے کی گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتیں بھی ہوں گی۔

شاہی مہمان بے سہارا بچوں کو ملنے ایس او ایس ولیج بھی جائیں گے۔ برطانوی جوڑا بادشاہی مسجد میں مذہبی برداشت کے موضوع پر منعقد تقریب میں بھی شریک ہوگا۔ پلان کے مطابق شاہی مہمان علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے۔

شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن شوکت خانم ہسپتال کا دورہ بھی کریں گے۔ برطانوی جوڑا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کرے گا۔ چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان رائل فیملی کا استقبال کرینگے۔ چالیس منٹ قیام کے دوران شہزادہ اور شہزادی کرکٹ بھی کھیلیں گے، اس کے بعد برطانوی شاہی جوڑا رات واپس اسلام آباد پہنچ جائے گا۔

برطانوی شاہی جوڑے نے گزشتہ روز اسلام آباد میں مصروف دن گزارا، شاہی مہمان شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ایوان صدر پہنچنے پر صدر مملکت عارف علوی جبکہ وزیر اعظم ہاؤس آمد پر عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔

برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان پوری آب وتاب کیساتھ جاری

صدر عارف علوی اور شہزادہ ولیم کے درمیان خوشگوار ماحول میں گفتگو ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ صدر عارف علوی سے ملاقات کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے حکومت کے موسمیاتی تبدیلی اورغربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کو سراہا۔ اس دوران شہزادی نے سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کر رکھا جو پاکستان کے پرچم میں موجود رنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔

معزز مہمان وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہزادی کیٹ مڈلٹن مسکراتے ہوئے گاڑی سے اتریں اور وزیر اعظم عمران خان سے ہاتھ ملایا، شہزادہ ولیم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سفید شلوار قمیض اور سیاہ واسکٹ میں ملبوس وزیر اعظم عمران خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہی مہمانوں کے چہرے خوشی سے تمتما رہے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

شاہی جوڑے کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے لیڈی ڈیانا سے پاکستانی عوام کی والہانہ محبت کی یاد دلا دی۔وزیر اعظم نے جدید دنیا کو درپیش موسمیاتی تبدیلیوں،عدم مساوات اور تعلیم جیسے چیلنجز کے معاملات سے متعلق آگاہی پھیلانے پر شاہی جوڑے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا شاہی جو ڑے کے پاکستانی نوجوان طبقے کیساتھ روابط اور مثبت سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔