رمضان شوگر ملز کیس: حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع

Last Updated On 30 October,2019 03:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز اور منی لانڈرنگ کیسز میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کر دی۔

لاہور کی احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے کیس پر سماعت کی۔ کوٹ لکھپت جیل حکام نے حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا، عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ رمضان شوگر مل کیس کا ریفرنس کب دائر ہوگا جس پر نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ریفرنس چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد جلد دائر کر دیا جائے گا۔

دوران سماعت شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کمر درد کے باعث شہباز شریف پیش نہیں ہوسکتے، حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میاں نوازشریف کی صحت کے لیے دعا گو ہوں، آزادی مارچ میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔