شہباز شریف کی زیرحراست مریم نواز اور حمزہ سے نیب آفس میں عید ملاقات

Last Updated On 12 August,2019 03:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف آج مریم نواز اور حمزہ شہباز سے عید ملاقات کیلئے نیب آفس پہنچے، شریف خاندان کے دیگر افراد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ نیب انتظامیہ نے زیرحراست ملزمان کی اہلخانہ سے عید کے موقع پر ملاقات کا خصوصی انتظام کیا تھا۔

صدر ن لیگ شہباز شریف چوہدری شوگر ملز کیس میں زیر حراست مریم نواز اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار حمزہ شہباز سے ملاقات کیلئے نیب آفس لاہور آئے، ان کے ساتھ شریف خاندان کے دیگر افراد کے علاوہ مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ریٹائرڈ) صفدر بھی موجود تھے۔

آج عید کے روز شریف خاندان کی ملزمان مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کا نیب انتظامیہ نے خصوصی اہتمام کیا تھا، ملزمان کو نیب آفس میں موجود لان میں جانے کی اجازت دی گئی اور ان سے ملاقات کیلئے آنے والوں کو چائے سمیت دیگر لوازمات بھی پیش کی گئیں۔ یاد رہے کہ نیب کی جانب سے حمزہ اور مریم کیلئے عید کے موقع پر شیر خرمہ سمیت روایتی پکوان بھی تیار کئے گئے تھے جن کی منظوری ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد نے دی تھی۔
 

Advertisement