وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملائیشین ہم منصب کا رابطہ، اہم امور پر گفتگو

Last Updated On 31 October,2019 05:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملائیشیا کے ہم منصب سیف الدین عبداللہ نے ٹیلی فونک رابطہ کرکے خطے میں امن وامان سمیت اہم امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ملائیشین ہم منصب سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

انہوں نے ملائیشیا کے وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان نے 5 اگست سے مقبوضہ کشمیر میں بدترین کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ اسی لاکھ نہتے کشمیری بھارتی استبداد سے نجات کیلئے مسلم دنیا پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

وزیر خارجہ نے ملائیشین ہم منصب کو اپنے دورہ ملائیشیا اور کوالالمپور کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن وامان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 

Advertisement