وزیراعظم کا استعفیٰ، فوج کے بغیر الیکشن دونوں مطالبے نامناسب ہیں: وزیر داخلہ

Last Updated On 05 November,2019 09:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ فوج کے بغیر الیکشن نہیں ہو سکتے۔ انشا اللہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ ہم نے ڈیلیور کیا تو اگلے پانچ سال بھی ہمارے ہیں۔

وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف،مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل ہے۔ ان کے نام حکومت نے نہیں بلکہ نیب نے ای سی ایل میں ڈالے ہیں۔ تاہم نواز شریف کا علاج بیرون ملک کرانے کیلئے راستہ نکل سکتا ہے۔

نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو میں اعجاز شاہ نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی اور سوالات کے جواب دیئے۔ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے آزادی مارچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے کشمیر کا معاملہ پیچھے چلا گیا ہے۔ دھرنے کے بیشتر شرکا نہیں جانتے کہ وہ اسلام آباد کیوں آئے؟ پچاس ہزار سے زائد لوگ دھرنے میں شامل تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دھرنے کی سیاست کو ختم ہونا چاہیے۔ پرامید ہیں دھرنا احسن طریقے سے ختم ہو جائے گا۔ حکومتی ٹیم اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے۔ بات چیت کا سلسلہ بند نہیں ہونا چاہیے۔

ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت اور فوج ایک پیج پر ہیں۔ ہر ملک میں آرمی چیف کا کردار اہم ہوتا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ غلط کو غلط اور درست کو درست کہنے والے انسان ہیں۔ جب تک فوج ہے، ملک غیر مستحکم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آرمی کے بغیر الیکشن نہیں ہو سکتے۔ وزیراعظم کا استعفیٰ اور فوج کے بغیر الیکشن، دونوں مطالبے نامناسب ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کیس کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔

حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں، ہم نے ڈیلیور کیا تو اگلے پانچ سال بھی ہمارے ہیں۔ انشا اللہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔