وزیراعظم سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی ملاقات، پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

Last Updated On 07 November,2019 02:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پنجاب کے امور بارے اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ قانون فروغ نسیم، وزیر برائے کوآپریٹیو مہر محمد اسلم، وزیر قانون پنجاب بشارت راجا، چیف سیکرٹری سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔ وزیرِ اعظم کو صوبہ پنجاب میں سرکاری املاک عوامی فلاح و بہبود کے لئے برؤے کار لانے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ماضی میں سرکاری املاک کو موثر طریقے سے بروئے کار نہ لانا مجرمانہ غفلت تھی، موجودہ حکومت بطور پالیسی پر عزم ہے کہ سرکاری املاک کو عوامی فلاح و بہبود کے لئے بروئے کار لائے، ادارے کی املاک سے متعلقہ مقدمات کے جلد فیصلوں کے لئے کوششیں تیز کی جائیں، موجودہ حکومت نے مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالی، معیشت کی بہتری کے لئے مشکل فیصلے کرنا ضروری تھے، مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے، آج ملک کی معیشت میں استحکام آ چکا ہے۔