پاکستان
خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیگی رہنما خواجہ آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ سرکاری اہلکاروں کو بھی آزادی مارچ کے شرکا کھانا دے رہے ہیں۔ سی ڈی اے کی جانب سے وزیراعظم کی ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا۔
پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کو آج ساتواں دن ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ انہوں سی ڈی اے کو مدد کی ہدایت کی ہے لیکن مارچ کے شرکا کو کوئی سہولت نہیں دی گئی حتیٰ کہ سرکاری اہلکاروں کو بھی آزادی مارچ کے شرکا کھانا دے رہے ہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ سرکاری ہسپتالوں کو روکا گیا کہ کسی بیمار کو طبی سہولت نہ دیں جبکہ میٹرو بند ہونے سے سکول کے بچوں سمیت سب کو مشکلات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر کے 65 ہزار مشتبہ ووٹ نکلے پھر بھی کرسی پر بیٹھے ہیں۔ آج کی کارروائی کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سب کچھ آدھے گھنٹے میں کیا گیا۔ پارلیمنٹ کو تباہ کیا جا رہا ہے۔