چودھری شوگر ملز کیس: ریفرنس دائر ہونے تک مریم اور نواز شریف کو حاضری سے استثنیٰ

Last Updated On 08 November,2019 11:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے چودھری شوگر ملز کیس میں مریم نواز اور نواز شریف کو ریفرنس دائر ہونے تک حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔

لاہور کی احتساب عدالت میں چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت جج امیر محمد خان نے کی۔ عدالت نے مریم نواز کے وکیل سے استفسار کیا کہ مریم نواز کی ضمانتی مچلکے کہاں ہیں، وکیل امجد پرویز نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ضمانتی مچلکے جمع کروا دیئے ہیں اصل کاپی کورٹ میں جمع ہے۔

عدالت نے پراسکیوشن سے استفسار کیا کہ چودھری شوگر ملز کیس کا ریفرنس کب دائر کیا جائے گا۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ ریفرنس جلد ہی عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔ عدالت نے مریم نواز سے استفسار کیا کہ آپ یہ ضمانت دے رہی ہیں کہ عدالت میں پیش ہونگی۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ والد کو چھوڑ کر آنا مشکل تھا، پیشی کے حوالے سے عدالت کے حکم کی تعمیل کروں گی۔

عدالت نے مریم نواز کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 22 نومبر تک ملتوی کر دی۔