امرتسر: (ویب ڈیسک) بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کا وزیراعظم پاکستان عمران خان کیساتھ پرانا تعلق نکل آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرتارپور صاحب گردوارہ سے واپسی پر پنجاب کے وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کیساتھ خاندان کا کرکٹ کے حوالے سے پرانا تعلق ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کرتاپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے بھارت سے پاکستان جانے والے پہلے ساڑھے پانچ سو رکنی جھتے میں شامل تھے۔ سفر میں سرحد کی دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے خیرمقدم کیا اور ساتھ بس میں گردوارہ گئے۔ یہ سفر صرف پانچ منٹ کا تھا لیکن اس سے کچھ نئی باتیں سامنے آئی ہیں۔
بھارتی میڈیا ’’ہندوستان ٹائمز‘‘ کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یوں تو مختصر سفر کے دوران دونوں کے درمیان کرتارپور پر بات ہوئی لیکن اس کے علاوہ کرکٹ کی پرانی یادوں کا بھی ذکر ہوا۔ دونوں کی پہلے کبھی نہ تو ایک دوسرے سے ملاقات رہی ہے اور نہ ہی دونوں ایک دوسرے کو ذاتی طور پر جانتے ہیں لیکن کیپٹن امریندر سنگھ نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے خاندانوں کے درمیان کرکٹ کا خاص تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی وزیر اعظم کو کرکٹ کے دنوں میں کھیلتے دیکھا ہے ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی وزیراعظم کو بتایا کہ عمران خان کے چچا نے 1934ء اور 1935ء کے دوران سنگھ کے والد کی کپتانی میں پٹیالہ اور انڈیا کے لیے کرکٹ کھیلا تھا۔
وزیر اعلی کے دفتر کے مطابق کیپٹن امریندر سنگھ نے بتایا کہ ان (عمران خان ) کے چچا جہانگیر خان نے محمد نثار، لالا امرناتھ، تیز گیند باز امر سنگھ اور بلے باز وزیر علی اور امیر علی کے ساتھ پٹیالہ کے لیے کرکٹ کھیلا تھا۔ یہ ساتوں کھلاڑی کیپٹن امریندر سنگھ کے والد یادویندر سنگھ کی کپتانی والی ٹیم میں شامل تھے جو اس وقت پٹیالہ ریاست کے مہاراجہ تھے۔