کراچی میں ڈینگی کا ایک اور وار، 3 سالہ بچہ دم توڑ گیا

Last Updated On 12 November,2019 05:46 pm

کراچی: (دنیا نیوز) اورنگی ٹاؤن کا رہائشی 3 سالہ بچہ عباسی شہید ہسپتال میں زیر علاج تھا، بچے کی ہلاکت کے بعد کراچی میں ڈینگی سے جاں بحق افراد کی تعداد 34 ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے بارہ ہزار تک جا پہنچی ہے۔

ذرائع کے مطابق بچے کو دو دن قبل عباسی شہید ہسپتال لایا گیا تھا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مزید 254 کیسز رپورٹ ہوئے۔ سندھ بھر میں رواں سال 12 ہزار 53 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

ادھر راولپنڈی میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی آمد سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید 20 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 14208 تک پہنچ گئی ہے۔ رواں سیزن میں ڈینگی وائرس سے 77 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 37 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 6 ہزار 917 ہو گئی ہے۔ پشاور میں مزید 6 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 627 تک پہنچ چکی ہے۔