ڈالہ الٹنے، وین درخت سے ٹکرانے سمیت 3 ٹریفک حادثات، 7 افراد جاں بحق 19 زخمی

Last Updated On 17 November,2019 10:35 am

تونسہ شریف: (دنیا نیوز) تونسہ شریف حیدر والہ انڈس ہائی وے پر بارات لے جانے والا تیز رفتار ڈالہ الٹنے سے 3 افرادجاں بحق، 17 افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122 نے جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو ٹی ایچ کیو تونسہ منتقل کر دیا۔

تونسہ شریف حیدر والہ انڈس ہائی وے بارات لے جاتے ہوئے ڈالہ الٹنے سے 3 افراد جاں بحق، 17 زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے ٹی ایچ کیو تونسہ منتقل کر دیا۔ حادثہ میں زخمی ہونے والے 8 بچوں کی حالت تشویناک ہونے پر نشتر ملتان ریفر کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 12 سالہ رضوان، 25 سالہ ذکیہ مائی، 10 سالہ اقرا شامل ہیں، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ٹی ایچ کیو تونسہ میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

دوسری جانب جہلم کے قریب بگا کے مقام پر کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل میں ٹکر کے نتیجے میں دو موٹرسائیکل سواروں میں سے ایک 24 سالہ نوجوان جاں بحق دوسرا شدید زخمی ہوگیا، زخمی نوجوان کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، جاں بحق ہونے والے نوجوان کا تعلق سنگھوئی سے تھا۔

ٹریفک حادثے کے تیسرے واقعے میں پاکپتن میں تیز رفتار مسافر وین بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی، ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ جاں بحق ہونیوالے افراد کی شناخت غلام رسول، محمد حسن اور محمد حسین کے نام سے ہوئی۔ ریسکیو نے جاں بحق ہونیوالے افراد کی لاشوں اور زخمی شخص کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔