مولانا کو اسلام آباد سے واپسی پر صرف لالی پاپ دیا گیا، فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 19 November,2019 07:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اسلام آباد سے واپسی پر صرف لالی پاپ دیا گیا، اسی پر خوش ہو رہے ہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام   نقطہ نظر   میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان کو تمام اتحادیوں کا اعتماد حاصل ہے، تاہم جمہوریت میں ہر جماعت کا اپنا اپنا نقطہ نظر ہے۔ اتحادی اپنے اپنے منشور پر الیکشن لڑ کر آئے ہیں۔ سیاست میں ہر ایک کا انداز مختلف ہوتا ہے۔ اگر سارے متفق ہوتے تو ایک ہی منشور پر الیکشن لڑتے۔

جے یو آئی کے دھرنے پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان شدید ذہنی صدمے کا شکار ہیں، وہ شرمندہ ہونے کے بجائے غلط بیانی کر رہے ہیں۔ چولہیں اس کی ہلتی ہیں جسے اسلام آباد سے اٹھا کر باہر پھینک دیا جائے۔ انھیں آگے بھی اندھیرا ہی نظر آ رہا ہے۔ وہ اسلام آباد سے طفل تسلیاں لے کر گئے ہیں، انھیں صرف لالی پاپ دیا گیا جس پر خوش ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے مولانا اسلام کو استعمال کرتے ہیں اور اپنے ورکرز کو جھوٹی تسلیاں دے رہے ہیں۔ ملک کے معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم ملک میں اصلاحات لاکر سرخرو ہوں گے جبکہ مولانا فضل الرحمان کو آئندہ 5 سال بھی انتظار کرنا پڑے گا۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں گلے، شکوے فطری عمل ہے۔ وزیراعظم نے ڈیڑھ سال میں صرف دو چھٹیاں کیں اس پر طوفان مچا ہوا ہے۔