تفصیلی فیصلہ آنے پر واضح حکمت عملی اپنائینگے: فردوس عاشق اعوان

Last Updated On 16 November,2019 06:57 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت نے میاں نواز شریف کی صحت پر قانونی اور انسانی ہمدردی کے تحت تمام مراحل کے دوران کشادہ دلی دکھائی۔ عدالتی فیصلہ قبول کرتے ہیں۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عدالت کا فیصلہ ہمیں قبول ہے، تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں۔

شیورٹی بانڈز کی معافی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا تھا کہ سات ارب روپے کے زر ضمانت وصول کیے جائیں، عدالت کے فیصلے کو پڑھنے کے بعد ہی کوئی رائے دے سکتے ہیں۔ اگر فیصلہ غیرمشروط ہے توڈرافٹ کی قانونی حثیت کیا ہو گی۔ عدالت کے ڈرافٹ کو قبول نہیں کیا۔ تفصیلی فیصلے پر واضح حکمت عملی اختیار کرینگے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ضمانت ہونے کے بعد ان کے باہر جانے کے معاملے پر درخواست وزارت داخلہ کے پاس آئی تو وہاں سے یہ درخواست کابینہ کے پاس آئی جس کے بعد تجویز سامنے آئی تھی کہ جو جرمانے عدالت کی طرف سے کیے گئے تھے ان سے لیے جائیں۔ یہ جرمانے حکومت، پی ٹی آئی نے نہیں کیے تھے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہی میڈیکل بورڈ بنایا، حکومت کے لاء آفیسر ان کی ضمانت کے خلاف نہیں گئے ،کیونکہ ہم ان کی صحت پر سیاست نہیں کرنا چاہتے تھے۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں، وہاں سے پتہ چلے گا کہ یہ فیصلہ غیر مشروط ہے، ابھی تک حتمی رائے نہیں لے سکتے۔ یہ تمام جڑیں تفصیلی فیصلے کے ساتھ جڑی ہوئی ہیں، تفصیلی کے بعد قانونی اور آئینی مراحل دیکھیں گے، فی الفور اس پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

 

Advertisement