منزل اقتدار کی کرسی نہیں حقیقی تبدیلی ہے: وزیر خارجہ

Last Updated On 23 November,2019 06:50 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اقتدار کی کرسی پر ڈٹے رہنا ہماری منزل نہیں بلکہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ معاشی ترقی کو جانچنے والے بین الاقوامی ادارے پاکستانی اقتصادی صورتحال میں بہتری کی نوید سنارہے ہیں۔

آبائی شہر ملتان میں مختلف علاقوں کا دورے کے دوران پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قوم نے تبدیلی کے لیے مینڈیٹ دیا ملک جو درست سمت پر ڈال دیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں ملکی معیشت گرفت میں آچکی ہے، معاشی ترقی کو جانچنے والے بین الاقوامی ادارے پاکستانی اقتصادی صورتحال میں بہتری کی نوید سنارہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، تجارتی خسارے میں کمی اور دیگر معاشی اعشارے بہتری کو ظاہر کررہے ہیں۔ بیرون سرمایہ کار کمپنیاں اب پاکستان کا رخ کر رہی ہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بیرونی سرمایہ کاری کی بدولت معیشت مضبوط اور روزگار میں اضافہ ہو گا، سی پیک اور ون بیلٹ اینڈ روڈ جیسے منصوبے ہماری حکومت کے شاندار منصوبے ہیں سی پیک خطے میں تبدیلی کا اشارہ ہے، اوبور منصوبے کے ذریعے ڈیجیٹل رابطوں، سیاحت، ثقافتی روابط اور پائیدار ترقی جیسے ثمرات حاصل ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہے اس میں توجہ صنعت سازی اور معاشی و معاشرتی ترقی پر مرکوز ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے " سی پیک اتھارٹی" قائم کر دی ہے۔ صنعتی ترقی کے لیے حکومت بہت جلد اقتصادی زونز قائم کرنے جا رہی ہے۔
 

Advertisement