مہنگائی، بجلی اور گیس کی قیمتوں کے خلاف ن لیگ کا ملک گیر احتجاج

Last Updated On 08 December,2019 07:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بیروزگاری اور مہنگائی کیخلاف مسلم لیگ ن سڑکوں پر آگئی، ملک بھر میں احتجاج کیا گیا۔ شرکا نے حکومت مخالف بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

قومی اور صوبائی اسمبلی ارکین سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد حکومت مخٓلف مظاہروں میں شریک ہوئی۔ مظاہرین نے بینرز اٹھائے حکومت مخالف نعرے بھی لگائے۔

گوجرانوالہ میں ن لیگ کے کارکنوں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ گجرات میں کچہری چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ چنیوٹ اور جھنگ میں بھی حکومت مخالف احتجاج کیا گیا۔

مظاہرین نے روزگار کی فراہمی اور مہنگائی پر قابو پانے کا مطالبہ کیا۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

پاکپتن اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی متوالے سڑکوں پر نکل آئے۔ خواتین ورکرز نے بھی پریس کلب کے باہر احتجاج میں شرکت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی۔

ملاکنڈ میں ن لیگ کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں نے مہنگائی، بیروزگاری اور ٹیکسز کے بھرمار پر احتجاج ریکارٖڈ کرایا۔ شرکا نے ہاتھوں میں حکومت مخالف بینرز بھی تھام رکھے تھے۔
 

Advertisement