ہارٹ آف ایشیا کانفرنس: شاہ محمود قریشی کا انڈین وزیر کی تقریر کا بائیکاٹ

Last Updated On 09 December,2019 09:07 pm

استنبول: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے استنبول میں جاری ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران بھارتی وزیر کی تقریر کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے پیش نظر انڈین وزیر کی تقریر کا بائیکاٹ کیا۔ وہ انڈین وزیر کی تقریر شروع ہوتے ہی احتجاجاً ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے دوران اجلاس سے آٹھ کر باہر چلے گئے۔

خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچ گئے ہیں۔ ترکی میں پاکستانی سفیر محمد سائرس سجاد قاضی اور سینئر سفارتی حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔ شاہ محمود قریشی استنبول میں منعقدہ 14 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریںگے۔

اس کے علاوہ شاہ محمود قریشی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے خطاب بھی کریں گے۔ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں باہمی تعاون اور فلاحی امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائےگا۔ ترکی کے وزير خارجہ مولود چاوش اوغلو اور افغانستان کے وزیر خارجہ ادریس زمان کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریںگے۔ ہارٹ آف ایشیا استنبول عمل پر مبنی پہلی کانفرنس 2011ء میں افغانستان کے متعلق منعقد ہوئی تھی۔
 

Advertisement