اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملائیشین وزیراعظم کے خصوصی ایلچی اور نائب وزیر خارجہ داتو ویرا حاجی مرزوقی یحیی اور مخدوم شاہ محمود قریشی کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ نے ملائشیا کے نائب وزیر خارجہ کو 5 اگست سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بدترین محاصرے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف ملائیشیا نے جس طرح آواز بلند کی وہ قابل تحسین ہے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مسئلے پر پاکستان کے موقف کی بھرپور تائید اور حمایت پر ملائشیا کے تہہ دل سے ممنون ہیں۔
ملائیشیا کے نائب وزیر خارجہ نے آئندہ ماہ ملائیشیا میں منعقد ہونیوالی "کوالالمپور کانفرنس" کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کوالالمپور کانفرنس" کے انعقاد کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے پاکستان کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔