اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سویلین بالادستی کے حوالے سے کوئی مسئلہ دکھائی نہیں دیتا۔ آرمی رولز ریگولیشنز میں کوئی تبدیلی درکار ہے تو اسے دیکھا جا سکتا ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف توسیع پر سپریم کورٹ کا فیصلے کا آنا بروقت اور مناسب اقدام ہے، ملک کو بے یقینی کی صورت میں رکھنا پاکستان کے مفاد میں نہیں تھا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اب یہ مسئلہ حل ہو چکا ہے، کوئی ابہام نہیں رہا، آئین میں تبدیلی کے لئے دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے، اس معاملے پر آئین میں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے، آئین واضح ہے، آرمی رولز ریگولیشنز میں کوئی تبدیلی درکار ہے تو اسے دیکھا جا سکتا ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے فیصلہ دیا ہے جس کا ہم از حد احترام کرتے ہیں، جائزہ لیں گےاور ایسا کوئی پہلو نہیں چھوڑیں گے جس سے دشمنوں کو بغلیں بجانے کا موقع ملے، معاملہ ہمارا اندرونی ہے، بھارت میں شادیانے کیوں بج رہے تھے۔
پی ٹی آئی کے سینئر وائس چیئر مین کاکہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام دیکھنا چاہتا تھا، تعمیری تنقید سے نہ ہم کبھی گھبرائے ہیں نہ گھبرائیں گے، سویلین سپریمیسی کے حوالے سے بھی مجھے کوئی مسئلہ دکھائی نہیں دیتا۔