قانون ہاتھ میں لینے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا: فیاض الحسن چوہان

Last Updated On 11 December,2019 06:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی، قانون ہاتھ میں لینے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا، اپنی ذمہ داری پوری کرنے آیا تھا، مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔

واضح رہے لاہور میں ڈاکٹرز اور وکلا کے درمیان لڑائی کا معاملہ مزید گر م ہوگیا۔ وکلاء پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا مرکزی دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے اور ایمرجنسی وارڈ میں گھس گئے۔ وکلاء نے ایمرجنسی وارڈ میں ہلڑ بازی کی اور گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے، نعرے بازی بھی کی۔

وکلا نے ہسپتال پر پتھراؤ کیا جس سے 4 افراد زخمی ہوئے۔ واقعے پر پولیس خاموش رہنے کے بعد حرکت میں آئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی، لاٹھی چارج بھی کیا۔ وکلا کے توڑ پھوڑ کے باعث ڈاکٹرز نے کام چھوڑ دیا، علاج نہ ہونے پر خاتون دم توڑ گئی۔ متعدد مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پی آئی سی میں وکلا کی ہنگامہ آرائی کا نوٹس لے لیا اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا۔ عثمان بزدار نے کہا مریضوں کے علاج میں رکاوٹ ڈالنا مجرمانہ اقدام ہے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ گورنر پنجاب نے بھی پی آئی سی واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔

وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل اسماعیل شاہ نواز نے بھی وکلا کی ہسپتال میں ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا وکلا کو قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے جو بھی وکلا ملوث ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔